عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
مشرقِ وسطی کی صورتحال کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے بڑھ گئی ہے، برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت بھی 113 ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین کی لیوی میں 200 روپے کا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد ہائی اکٹین پر لیوی 300 روپے ہو گئی ہے۔
جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عام گاڑیوں استعمال ہونے والے فیول کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، صرف لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے فیول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی
وزیراعظم شہباز شریف نے ہائی اوکٹین پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے بعد سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر کسی سرکاری گاڑی میں ہائی اوکٹین پیٹرول کا استعمال ناگزیر ہو تو اس کا خرچ متعلقہ افسر اپنی جیب سے برداشت کرے گا، اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کا مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی محکموں، اتھارٹیوں اور ذیلی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کریں، اب تک سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جا چکی ہے اور 60 فیصد گاڑیاں پہلے ہی گراؤنڈ پر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری اور غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

